Skip to content
Waqas Khan Pitafi
Founder and CEO, DevBatch · Dallas

Essay

بنگلہ دیش آگے کیسے نکلا

قوموں کی تعمیر پر ایک سلسلہ، قسط 5: 1972 میں بنگلہ دیش تقریباً ہر پیمانے پر پاکستان سے پیچھے تھا۔ 130 شاگرد، گاؤں گاؤں جاتی عورت کارکن، لڑکیوں کا وظیفہ اور کارخانوں میں لاکھوں عورتیں۔ فرق بنیاد سے پڑا۔

2017 کے آس پاس میں نے پہلی بار ایک حساب لگایا۔

DevBatch کو سات سال ہو چکے تھے۔ ان سات برسوں میں ہم نے تقریباً چار ہزار ماہانہ تنخواہیں دی تھیں۔

میں اس عدد کو ایسی شکل دینا چاہتا تھا جسے محسوس کر سکوں۔

چار ہزار تنخواہیں، یعنی چار ہزار چولہے جو اُس مہینے وقت پر جلے۔ ایک پاکستانی گھر میں تین چار لوگ ہوتے ہیں۔ یعنی تقریباً بارہ ہزار لوگ۔

تب سے میں ایک بات مانتا ہوں۔ کسی کمپنی کا سب سے سچا عدد اس کی تنخواہیں ہیں۔

اب یہی حساب ایک ملک پر لگا کر دیکھیں۔

میری کمپنی کو چار ہزار تنخواہوں تک پہنچنے میں سات سال لگے۔

بنگلہ دیش کی export والی garment فیکٹریاں ہر مہینے تقریباً 30 لاکھ تنخواہیں دیتی ہیں۔ ہر مہینے۔

اور ان میں سے آدھی سے زیادہ تنخواہیں ایک عورت کے ہاتھ میں جاتی ہیں۔

آج کا case اسی ملک کا ہے۔

بنگلہ دیش۔

پہلے ایک بات

یہ قسط لکھنا میرے لیے آسان نہیں تھا۔

1971 ہماری تاریخ کا سب سے دردناک باب ہے۔ اس کے زخم بہت سے گھروں میں آج بھی ہیں۔

اس پر بات کا اپنا وقت اور اپنا لہجہ ہے۔ یہ case وہ بات نہیں۔

یہ case اس کے بعد کا ہے۔ جنگ اور پھر 1974 کے قحط سے گزرتے ایک ملک نے اپنی بنیاد کیسے رکھی۔

نہ طعنہ، نہ فخر۔ صرف سبق۔

پہلے ایک عدد

1972 میں ایک عام بنگلہ دیشی کی سالانہ آمدنی 88 ڈالر تھی۔ ایک عام پاکستانی کی 148 ڈالر۔

آج بنگلہ دیش 2,593 ڈالر پر ہے۔ ہم 1,479 پر۔

دسمبر 1971 میں واشنگٹن کی ایک سرکاری meeting میں ایک امریکی افسر نے اس نئے ملک کے بارے میں کہا تھا کہ یہ “international basket case” ہوگا۔ یعنی ایسا ملک جو ہمیشہ امداد پر چلے گا۔

مگر یہاں ایک ایمانداری کی بات ضروری ہے۔

دسمبر 2024 میں بنگلہ دیش کی اپنی عبوری حکومت کی بنائی ہوئی ایک White Paper کمیٹی نے کہا کہ پچھلے برسوں کی GDP growth بڑھا چڑھا کر بتائی گئی تھی۔

اس لیے میں یہ case صرف آمدنی کے عدد پر نہیں بناؤں گا۔

ان اعداد کو دیکھیں جو گھروں میں ناپے جاتے ہیں۔

1972 میں بنگلہ دیش میں ہر ہزار بچوں میں سے 229 پانچ سال کی عمر سے پہلے مر جاتے تھے۔ پاکستان میں 184۔

2024 میں بنگلہ دیش میں 31۔ پاکستان میں 56۔

1972 میں دونوں ملکوں میں ایک عورت کے اوسطاً تقریباً سات بچے تھے۔ آج بنگلہ دیش میں 2.1، پاکستان میں 3.5۔

1972 میں ایک بنگلہ دیشی کی اوسط عمر 50 سال تھی، ایک پاکستانی کی 54۔ آج 75 اور 68۔

جو ملک تقریباً ہر پیمانے پر پیچھے تھا، وہ آج تقریباً ہر پیمانے پر آگے ہے۔

تو سوال وہی ہے۔ یہ کیسے ہوا؟

فیصلے کا آدمی نہیں، فیصلوں کا نظام

پچھلی قسطوں میں ہر کہانی کا ایک مرکزی کردار تھا۔ سنگاپور میں Lee Kuan Yew۔ کوریا میں Park Chung-hee۔

بنگلہ دیش میں ایسا ایک آدمی نہیں ملتا۔ حکومتیں بدلیں، فوجی دور آئے، سیاست اکثر تلخ رہی۔

مگر تین طرح کے لوگ اپنا کام کرتے رہے۔

کارخانے والے، جو باہر بیچنا سیکھ رہے تھے۔

گاؤں کے ادارے، جو گھر گھر جا رہے تھے۔

اور حکومت، جس نے کچھ ضروری کام کیے، اور کچھ جگہ راستے سے ہٹ گئی۔

کسی نے یہ تقسیمِ کار لکھ کر طے نہیں کی۔ مگر یہ چلتی رہی۔

میری نظر میں یہی اس case کا سب سے دلچسپ حصہ ہے۔ بنیاد ہمیشہ اوپر سے نہیں بنتی۔

چار فیصلے

ایک: 130 شاگرد

1978 میں ایک بنگلہ دیشی کاروباری، Noorul Quader، کی نئی کمپنی Desh Garments نے کوریا کی Daewoo کے ساتھ معاہدہ کیا۔

Daewoo کو کوریا سے امریکہ اور یورپ کپڑا بیچنے میں quota کی رکاوٹ تھی۔ بنگلہ دیش پر تب یہ پابندی نہیں تھی۔ دونوں کی ضرورت ایک ہو گئی۔

1979 میں Desh نے 130 لوگ Daewoo کی Pusan والی فیکٹری بھیجے۔ چھ مہینے کی تربیت۔ سلائی کی مشین سے لے کر خریدار سے بات کرنے تک۔ ان میں عورتیں بھی تھیں۔

اپریل 1980 میں پیداوار شروع ہوئی۔

اصل کہانی اس کے بعد کی ہے۔

ان 130 میں سے 115 نے اگلے چند برسوں میں Desh چھوڑ دی، اور اپنی اپنی export کمپنیاں بنا لیں۔

ایک کارخانے نے ایک پوری صنعت کو جنم دیا۔

یہ ہمارا تیسرا ستون ہے، apprenticeship۔ اور استاد وہی کوریا تھا جس کی کہانی ہم نے پچھلی قسط میں پڑھی۔

ساتھ دو سادہ فیصلے ہوئے۔ back-to-back LC اور bonded warehouse۔

یعنی exporter باہر سے کپڑا duty دیے بغیر منگوا سکتا تھا، اور اس کے لیے اپنی جیب سے پیسہ نہیں لگانا پڑتا تھا۔ باہر کے خریدار کا order ہی ضمانت تھا۔

یہ طریقے Desh نے شروع کروائے، اور حکومت نے انہیں پوری صنعت کے لیے کھول دیا۔

FY2025 میں بنگلہ دیش کی کل exports 48.3 ارب ڈالر تھیں۔ ان میں سے 39.3 ارب ڈالر صرف کپڑوں کی۔

دو: کارخانے میں عورت

آج بنگلہ دیش میں export کے لیے کپڑا بنانے والی تقریباً 3,300 فیکٹریاں ہیں، اور ان میں تقریباً 29 لاکھ 70 ہزار مزدور۔ آدھے سے زیادہ عورتیں۔

لاکھوں لڑکیاں گاؤں سے شہر آئیں۔ پہلی بار اپنی کمائی۔ پہلی بار گھر کے فیصلوں میں آواز۔

یہ آسان نہیں تھا۔ تنخواہ کم تھی، اور آج بھی کم ہے۔ مگر ایک پوری نسل کے لیے یہ گاؤں سے نکلنے کا پہلا دروازہ تھا۔

2024 میں بنگلہ دیش کی 39 فیصد عورتیں کام کر رہی تھیں یا کام ڈھونڈ رہی تھیں۔ پاکستان میں 24 فیصد۔

تین: گاؤں کا دروازہ

1972 میں Fazle Hasan Abed نے، جو اس سے پہلے ایک بڑی تیل کمپنی میں کام کرتے تھے، BRAC کی بنیاد رکھی۔

1980 سے 1990 تک BRAC کی عورت کارکن گاؤں گاؤں گئیں۔ ایک ایک ماں کو گھر پر سکھایا کہ نمک، گڑ اور پانی سے وہ گھول کیسے بنتا ہے جو دست میں بچے کی جان بچاتا ہے۔

دس سال میں تقریباً ایک کروڑ بیس لاکھ گھر۔

پھر Muhammad Yunus کا Grameen Bank، جس نے گاؤں کی عورتوں کو بغیر ضمانت کے چھوٹے قرض دیے۔ آج اس کے تقریباً ایک کروڑ آٹھ لاکھ ممبر ہیں، اور ان میں سے تقریباً 97 فیصد عورتیں۔ 2006 میں Yunus اور Grameen کو امن کا نوبل انعام ملا۔

ایمانداری سے کہوں تو microfinance پر تحقیق میں بحث ہے کہ اس نے غربت کتنی کم کی۔

مگر ایک بات پر بحث نہیں۔ اس نے کروڑوں عورتوں کو پہلی بار کسی ادارے کا گاہک بنایا، کسی مرد کے نام کے بغیر۔

چار: لڑکی کا وظیفہ

1994 میں بنگلہ دیش نے پورے ملک کے دیہات میں ایک فیصلہ نافذ کیا۔ چھٹی سے دسویں جماعت تک کی لڑکی کو وظیفہ، اور فیس کی مدد۔

شرطیں تین تھیں۔ کم از کم 75 فیصد حاضری۔ امتحان میں کم از کم 45 فیصد نمبر۔ اور میٹرک تک شادی نہیں۔

آخری شرط پر غور کریں۔ یہ تعلیم کا پروگرام بھی تھا، اور کم عمری کی شادی کے خلاف ایک خاموش فیصلہ بھی۔

چند برسوں میں secondary سکولوں میں لڑکیاں لڑکوں سے زیادہ ہو گئیں۔

تحقیق بار بار یہی دکھاتی ہے کہ پڑھی لکھی ماں کے بچے کم ہوتے ہیں، اور زیادہ زندہ رہتے ہیں۔ اوپر والے اعداد یہیں سے نکلتے ہیں۔

یہ ہمارا دوسرا ستون ہے، بنیاد۔ صحت اور تعلیم، اور وہ بھی عورت سے شروع۔

اور remittances؟

اکثر کہا جاتا ہے کہ بنگلہ دیش کو باہر سے آنے والے پیسے نے بچایا۔

2024 میں بنگلہ دیش کو 27.5 ارب ڈالر کی remittances ملیں۔ پاکستان کو 34.9 ارب ڈالر۔

یعنی اس میدان میں ہم آگے ہیں۔ فرق یہاں سے نہیں آیا۔

remittances گھر کا چولہا جلاتی ہیں، اور یہ بہت بڑی بات ہے۔ مگر وہ ملک کا کارخانہ نہیں لگاتیں۔

بنگلہ دیش کا فرق گھر میں بنی چیز سے آیا۔ exports فی شہری دیکھیں تو بنگلہ دیش تقریباً 278 ڈالر پر ہے، اور ہم تقریباً 130 پر۔

اس کی قیمت کیا تھی

یہ کہانی قیمت بتائے بغیر سچی نہیں ہوگی۔

24 اپریل 2013 کو Dhaka کے قریب Savar میں Rana Plaza نام کی ایک عمارت گر گئی۔ اس میں کپڑے کی کئی فیکٹریاں تھیں۔

ایک دن پہلے دیواروں میں دراڑیں دیکھی گئی تھیں۔ مزدوروں کو پھر بھی کام پر بلایا گیا۔

1,134 لوگ مارے گئے۔ تقریباً 2,500 زخمی ہوئے۔ ان میں زیادہ تر عورتیں تھیں۔

چند مہینے پہلے، نومبر 2012 میں، Tazreen فیکٹری کی آگ میں 112 لوگ مر چکے تھے۔

اس کے بعد Accord کے نام سے ایک معاہدہ ہوا اور فیکٹریوں کی عمارتوں کا معائنہ شروع ہوا۔ مگر یہ سبق جانیں دے کر سیکھا گیا۔

تنخواہ آج بھی کم ہے۔ دسمبر 2023 سے کم از کم تنخواہ 12,500 ٹکا مہینہ ہے، یعنی تقریباً 100 ڈالر۔

پوری معیشت ایک صنعت پر کھڑی ہے۔ تقریباً 81 فیصد exports صرف کپڑا۔ ایک جھٹکا، اور سب کچھ ہلتا ہے۔

نومبر 2026 میں بنگلہ دیش کو اقوامِ متحدہ کی کم ترقی یافتہ ملکوں (LDC) کی فہرست سے نکلنا ہے، جس کے بعد کئی تجارتی رعایتیں آہستہ آہستہ ختم ہوں گی۔ بنگلہ دیش نے اس میں تین سال کی مہلت مانگی ہے۔ فیصلہ ابھی باقی ہے۔

اور سیاست۔ 2024 میں ایک بڑی عوامی تحریک چلی، سینکڑوں جانیں گئیں، اور حکومت ختم ہوئی۔ Yunus کی سربراہی میں عبوری حکومت بنی، اور فروری 2026 میں انتخابات ہوئے۔

یہ ملک ابھی سفر میں ہے۔ کہانی ختم نہیں ہوئی۔

پاکستان کے لیے سبق

پانچ ستونوں پر بنگلہ دیش کہاں کھڑا ہے؟

دوسرا ستون، بنیاد۔ نمک اور گڑ کا گھول، لڑکی کا وظیفہ، اور بچوں کی اموات آج ہم سے تقریباً آدھی۔ یہ اس case کا مرکز ہے۔

تیسرا ستون، ایجاد سے پہلے apprenticeship۔ 130 شاگرد، اور ان میں سے 115 نئی کمپنیاں۔

پہلا ستون، تسلسل۔ سیاست میں کم، اداروں میں زیادہ۔ BRAC 1972 سے، garments 1980 سے، Grameen Bank 1983 سے۔ حکومتیں آئیں اور گئیں، یہ کام نہیں رکے۔

پانچواں ستون، اعتماد۔ یہاں بنگلہ دیش کمزور رہا۔ Rana Plaza اور اعداد پر White Paper دونوں اسی کمزوری کی قیمت ہیں۔

اور ہمارے لیے چار ٹھوس باتیں:

  1. لڑکی کا وظیفہ، شرط کے ساتھ۔ ہر دیہی لڑکی کے لیے چھٹی سے دسویں تک، حاضری اور میٹرک تک شادی نہ ہونے کی شرط پر۔ یہ تعلیم کی پالیسی بھی ہے اور آبادی کی بھی۔
  2. عورت کو کام تک پہنچائیں۔ محفوظ transport، کام کرنے والی عورتوں کے لیے hostels، اور کام کی جگہ پر عزت۔ 24 اور 39 فیصد کا فاصلہ میری نظر میں ہماری معیشت کی سب سے بڑی بند فیکٹری ہے۔
  3. اپنے 130 شاگرد۔ ہمارے IT اور textile شعبوں سے ہر سال سو نوجوان، کسی بڑی بین الاقوامی کمپنی میں چھ مہینے کی تربیت کے لیے، اس توقع کے ساتھ کہ واپس آ کر اپنی کمپنی بنائیں۔
  4. exporter کا راستہ آسان کریں۔ back-to-back LC اور bonded warehouse جیسا نظام، چھوٹے exporter کے لیے بھی، دنوں میں، مہینوں میں نہیں۔ اور remittances کو ترقی نہ سمجھیں۔ وہ سہارا ہیں، بنیاد نہیں۔

اعداد و شمار (Exhibits)

Exhibit 1

Exhibit 2

Exhibit 3

Exhibit 4

Exhibit 5

Exhibit 1. فی کس آمدنی، اُس وقت کے امریکی ڈالر میں

سالپاکستانبنگلہ دیش
197214888
1990344283
2000642397
2010987757
20161,4251,649
20241,4792,593

ایک ایمانداری کی بات۔ اس سلسلے میں بنگلہ دیش 2016 میں آگے نکلتا ہے، اور 2015 سے 2016 کی چھلانگ غیر معمولی ہے۔ دسمبر 2024 کی White Paper نے بھی growth کے اعداد پر سوال اٹھائے۔ اس لیے نیچے والے اعداد زیادہ اہم ہیں۔ ماخذ: World Bank۔

Exhibit 2. گھر میں ناپی جانے والی بنیاد

پاکستان 1972بنگلہ دیش 1972پاکستان 2024بنگلہ دیش 2024
پانچ سال سے پہلے اموات، فی ہزار بچے1842295631
ایک عورت کے اوسط بچے6.86.83.52.1
اوسط عمر، سال54506875

Exhibit 3. کام کرنے والی عورتیں (labour force میں، فیصد)

سالپاکستانبنگلہ دیش
19901124
20242439

Exhibit 4. ایک کارخانہ، ایک صنعت

1979، Daewoo کی Pusan فیکٹری میں تربیت130 لوگ، چھ مہینے
ان میں سے جنہوں نے اپنی کمپنی بنائی115
آج export garment فیکٹریاںتقریباً 3,300
آج ان میں مزدورتقریباً 29 لاکھ 70 ہزار، آدھے سے زیادہ عورتیں
FY2025 کپڑوں کی exports39.3 ارب ڈالر، کل exports کا 81 فیصد

Exhibit 5. remittances اور exports

2024پاکستانبنگلہ دیش
remittances34.9 ارب ڈالر27.5 ارب ڈالر
exports فی شہریتقریباً 130 ڈالرتقریباً 278 ڈالر

remittances میں ہم آگے ہیں۔ فرق گھر میں بنی چیز سے آیا۔

آخری بات

بنگلہ دیش کی کہانی میں کوئی ایک ہیرو نہیں۔

ایک ماں ہے جس نے گڑ اور نمک کا گھول بنانا سیکھا۔ ایک لڑکی ہے جس نے وظیفے کی شرط پوری کی اور شادی سے پہلے میٹرک کیا۔ اور ایک مزدور عورت ہے جو ہر مہینے کی پہلی تاریخ کو اپنی تنخواہ گھر لے جاتی ہے۔

میں نے اپنی کمپنی میں تنخواہیں گن کر یہ سیکھا تھا کہ اصل اثر ایک ایک مہینے میں جمع ہوتا ہے۔

بنگلہ دیش نے یہی سبق 30 لاکھ تنخواہوں میں، ہر مہینے، چالیس سال تک دہرایا۔

1972 میں وہ ہم سے پیچھے تھا۔ آج کا فرق کسی تقدیر نے نہیں لکھا۔

اور یہ فرق ہماری عورتوں کے ہاتھ میں ہے، اگر ہم انہیں موقع دیں۔

آپ کے لیے تین سوال

  1. آپ کے خیال میں پاکستان میں عورت کو کام تک پہنچنے سے سب سے زیادہ کیا روکتا ہے؟ راستہ؟ گھر؟ کام کی جگہ؟
  2. Desh کے 130 شاگردوں میں سے 115 نے اپنی کمپنیاں بنائیں۔ ہمارے کس شعبے میں ایسا ہو سکتا ہے، اور کیا روک رہا ہے؟
  3. بنگلہ دیش کی ترقی کی قیمت کم اجرت، Rana Plaza اور ایک صنعت پر انحصار ہے۔ کیا ہم یہ راستہ اس قیمت کے بغیر لے سکتے ہیں؟

اگلی قسط

ملائشیا۔

ایک مسلم ملک، کئی قومیں، ایک سمت۔

1969 کے فسادات کے بعد اس نے ترقی اور یکجہتی کو ساتھ کیسے چلایا، اور کہاں پھسلا۔ جمعرات کو۔

ذرائع

  • World Bank, World Development Indicators: GDP per capita, current US$ (NY.GDP.PCAP.CD) 1972 سے 2024؛ under-5 mortality (SH.DYN.MORT)؛ fertility (SP.DYN.TFRT.IN)؛ life expectancy (SP.DYN.LE00.IN)؛ female labour force participation, modeled ILO estimate (SL.TLF.CACT.FE.ZS)؛ personal remittances received (BX.TRF.PWKR.CD.DT) 2024؛ آبادی (SP.POP.TOTL) 2024۔
  • White Paper Committee on the State of the Bangladesh Economy (سربراہ Debapriya Bhattacharya)، دسمبر 2024۔
  • Foreign Relations of the United States 1969 to 1976, Vol. XI, Document 235: Washington Special Actions Group meeting، 6 دسمبر 1971 (“international basket case”)۔
  • Yung Whee Rhee, “The catalyst model of development: Lessons from Bangladesh’s success with garment exports”, World Development 18(2), 1990؛ World Bank کی اسی موضوع پر رپورٹ۔
  • Desh Group, Founder Story اور Who We Are (Desh Garments، Daewoo معاہدہ 1978، Pusan تربیت)۔
  • Export Promotion Bureau Bangladesh / BGMEA: FY2024-25 exports 48.28 ارب ڈالر، RMG 39.35 ارب ڈالر (81.49 فیصد)۔
  • Mapped in Bangladesh (BRAC University CED)، 2024: 3,320 export RMG فیکٹریاں، 29,69,068 مزدور، 57 فیصد عورتیں۔
  • BRAC، Oral Therapy Extension Programme 1980 سے 1990؛ Chowdhury اور Cash, “A Simple Solution” (1996)۔
  • Grameen Bank، ماہانہ رپورٹ دسمبر 2025: 1,08,20,094 ممبر، 1,04,60,283 عورتیں؛ Nobel Peace Prize 2006۔
  • Asian Development Bank, South Asia Working Paper 81: The Female Secondary Stipend and Assistance Program in Bangladesh۔
  • ILO، Rana Plaza (24 اپریل 2013) اور Tazreen (24 نومبر 2012)؛ Accord on Fire and Building Safety in Bangladesh (2013)۔
  • Minimum Wage Board / سرکاری gazette، دسمبر 2023: RMG کم از کم تنخواہ 12,500 ٹکا۔
  • UN Committee for Development Policy / ECOSOC، 2026: LDC graduation نومبر 2026 اور مہلت کی درخواست۔
  • Pakistan Bureau of Statistics، FY2025 exports 32.1 ارب ڈالر؛ مردم شماری 2023۔
#Bangladesh#Pakistan#Analysis

Waqas Khan Pitafi

Founder and CEO of DevBatch since 2010. Sixteen years building one engineering services firm, from Pakistan, now in Dallas.

Follow on LinkedIn